تہران (پاک ٹوڈے): ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے بحرین میں امریکا کے ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک مواصلاتی ٹاور پر فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں اس کارروائی کو امریکا کے لیے ایک سخت انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ایران پر حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تو اس کی فضائیہ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی اسمگلنگ میں ملوث کمپنیوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ انہیں آئندہ مزید سخت کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکا اور بحرین کی جانب سے ایرانی ریڈار حملے کے دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ریڈار کی تباہی اور حملے سے ہونے والے نقصان کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔
