تہران (پاک ٹوڈے) ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی صوبے ہرمزگان میں ساحلی علاقے کوہستک کے قریب فضائی دفاعی نظام استعمال کرتے ہوئے امریکی ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب سیریک کے ساحلی علاقے میں امریکی ڈرون کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد ملک کے دفاعی نیٹ ورک کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے اس ڈرون کی کوہستک کے علاقے میں کامیابی سے نشاندہی کی گئی اور اسے ناکارہ بنا دیا گیا۔
ایم کیو-1 پریڈیٹر ڈرون امریکی کمپنی جنرل ایٹمکس کا تیار کردہ درمیانی بلندی پر پرواز کرنے والا بغیر پائلٹ طیارہ ہے، جسے امریکی فوج نگرانی اور فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔ تاہم امریکی فضائیہ نے 2018 میں اس ڈرون کے بیڑے کو ریٹائر کرکے اس کی جگہ جدید ایم کیو-9 ریپر ڈرون شامل کرلیا تھا۔
ایرانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد ایک اور ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا گیا، جس کے بعد ایسے تباہ کیے جانے والے ڈرونز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا اہم سمندری راستہ ہے۔ خطے میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اس گزرگاہ کی سکیورٹی اور بحری آمدورفت مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
