واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہونے والا فضائی آپریشن دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کردی ہے، تاہم حکام کے مطابق معمول کی صورتحال بحال ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے غیر معمولی دباؤ کے باعث مواصلاتی نظام کے سوئچز اور راؤٹرز متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں ایئر ٹریفک کنٹرول کی صلاحیت محدود ہوگئی اور پروازیں روکنا پڑیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو جدید بنانے کے لیے تقریباً 50 ارب ڈالر درکار ہیں۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے کانگریس سے ہنگامی فنڈنگ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ نظام مکمل طور پر بحال ہونے تک ہزاروں مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور بعض افراد کو ہوائی اڈوں پر رات بھی گزارنا پڑے گی۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس بحران کے باعث امریکا میں 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں بھی ہزاروں پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار ہوئیں۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی طور پر اس خرابی کا مائیکروسافٹ کی سروسز یا کسی سائبر حملے سے تعلق سامنے نہیں آیا۔ حکام کے مطابق ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث اپنی ویب سائٹس پر موسمی معلومات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جسے دور کرنے کے لیے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
