دی ہیگ (پاک ٹوڈے): عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے ججوں نے افغانستان میں امریکی فورسز اور داعش خراسان کے مبینہ جنگی جرائم سے متعلق تحقیقات باضابطہ طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ عدالت کی توجہ 2021 کے بعد افغانستان میں افغان حکومت کے اقدامات پر مرکوز رہے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ججوں کا کہنا ہے کہ استغاثہ ان مقدمات کی تحقیقات جاری رکھنے کی قانونی اہلیت ثابت نہیں کرسکا۔ تاہم عدالت کے پراسیکیوٹر نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے اس سے قبل افغانستان میں امریکی فورسز کے مبینہ اقدامات کی تحقیقات اور اسرائیلی حکام کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے پر عالمی فوجداری عدالت کے خلاف پابندیاں عائد کی تھیں۔
عدالتی فیصلے کے باوجود افغان حکومت کے چار رہنماؤں کے خلاف پہلے سے جاری گرفتاری کے وارنٹ برقرار رہیں گے۔
