واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں موجودہ قیادت ان کی صدارت ختم ہونے تک اقتدار میں رہی تو وہ اسے اپنی شکست تصور کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں جنگ جیت سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ میں شکست کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور فوجیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کو غیر مؤثر بنا دیا ہے اور اسے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔
ایران کے خلاف مزید طاقت کے استعمال سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں فوجی کارروائی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی اور اگر حالات نے ضرورت پیدا کی تو وہ فوری طور پر ایسا کر سکتے ہیں۔
انٹرویو میں امریکی صدر نے اسرائیل میں اپنی مقبولیت 99 فیصد ہونے کا دعویٰ بھی کیا اور کہا کہ وہ وہاں جا کر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کیوبا کے حوالے سے بھی فوجی کارروائی کا امکان ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صدارت چھوڑنے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے مختصر فوجی کارروائی پر بھی غور کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنی صدارت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں آئندہ دو سال بھی اچھے گزریں گے۔
