اسلام آباد (پاک ٹوڈے): افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے برطانیہ نے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ افغانستان کے لیے برطانوی خصوصی نمائندے ریچڑ لینڈزی نے افغان حکومت کے وزیراعظم کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ملا عبدالواسع سے ویڈیو رابطے میں کہا ہے کہ لندن خطے کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور کابل و اسلام آباد کے درمیان مسائل کے حل کے لیے دونوں جانب سے رابطے اور مشاورت کر رہا ہے۔
افغان حکومت کے ترجمان کے نائب حمداللہ فطرت کے مطابق برطانوی نمائندے نے بتایا کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کی راہ ہموار کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔
سیاسی تجزیہ کار عنایت اللہ عادل کا کہنا ہے کہ برطانیہ سمیت ثالثی کی کوشش کرنے والے ممالک کا کردار زیادہ تر مذاکرات کے لیے ماحول پیدا کرنے تک محدود ہے۔ ان کے مطابق جب تک دونوں جانب سے باہمی احترام، اعتماد اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں نہیں ہوں گی، بیرونی ثالثی زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب امریکا کے سابق وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ کے دوران واشنگٹن کو اپنی فوجی رسد اور فضائی حدود کے استعمال کے لیے پاکستان کے تعاون کی ضرورت تھی، جس کے باعث امریکی حکومت اور فوج پاکستان پر تنقید میں محتاط رہی۔
بلنکن کے مطابق افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے بعد واشنگٹن کو پاکستان کے ساتھ تعلقات اور اپنی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔
ادھر سیاسی تجزیہ کار معین گل چمکنی کا کہنا ہے کہ امریکی ڈیموکریٹس کا رجحان پاکستان کے ساتھ تعاون محدود کرنے کی جانب ہے اور وہ دونوں ممالک کے تعلقات پر نظرثانی کے خواہاں ہیں۔
اس سے قبل قطر، ترکی، سعودی عرب اور چین بھی افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں کر چکے ہیں، جبکہ روس اور ایران نے بھی اختلافات کے حل میں کردار ادا کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم ان کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کا مستقل حل تاحال سامنے نہیں آ سکا۔
