
پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طبی صورتحال پر حقائق قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو گزشتہ 9 ماہ سے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کی فیملی، ذاتی معالجین اور پارٹی قیادت سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں اور ذاتی معالجین کی فوری ملاقات کروائی جائے اور ان کی دیکھ بھال بہترین ہسپتال میں کی جائے۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کا یہ رویہ آمرانہ طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب بھرپور لانگ مارچ کیا جائے گا اور عمران خان کے بنیادی آئینی حقوق اور صحت کے تحفظ کے لیے سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رہے گی
