پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جہاں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 4 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق نئے مریضوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں، جن میں ایک میاں بیوی بھی ہیں۔ دو مریضوں کا تعلق نوشہرہ، ایک کا پشاور اور ایک کا مردان سے ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق چاروں مریضوں کی بیرون ملک سفر کی ہسٹری نہیں، جس کے باعث مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں متاثرہ افراد کے رابطوں کی نشاندہی کے لیے کانٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال رپورٹ ہونے والے 18 کیسز میں سے 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، 4 زیر علاج ہیں جبکہ ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔ ضلع وار سب سے زیادہ 5 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
