راولپنڈی (پاک ٹوڈے) سینٹرل جیل اڈیالہ کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ اہم سیاسی قیدیوں کی موجودگی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے نیا سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل اور اطراف میں 435 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ نفری ایلیٹ کمانڈوز، پنجاب کانسٹیبلری اور ضلعی پولیس پر مشتمل ہوگی جو 24 گھنٹے تین شفٹوں میں ڈیوٹی دے گی۔
جیل کو جانے والے تمام راستوں پر 8 مقامات پر سخت ناکہ بندی کی جائے گی۔ ناکے داہگل چیک پوسٹ، اڈیالہ گیٹ نمبر 1، گیٹ نمبر 5، فارماسیوٹیکل فیکٹری کے سامنے، گورکھپور گاؤں، اڈیالہ روڈ اور لکو ڈھیری کے مقامات پر لگائے جائیں گے۔
ہر ناکے پر آنے جانے والی ہر گاڑی، موٹر سائیکل اور پیدل افراد کی بائیو میٹرک تصدیق اور مکمل تلاشی لی جائے گی۔ جیل ملاقات کے لیے آنے والوں کے لیے اصل شناختی کارڈ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کسی بھی ہنگامی صورتحال اور غیر قانونی اجتماع سے نمٹنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ جیل کے گرد ایک کلومیٹر تک دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ دوسری جانب جیل کے اندر بھی جیمرز، اضافی سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس کو فعال کر دیا گیا ہے۔
