کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے اغبرگ میں واقع ایک پولیس چوکی پر مسلح افراد کے حملے کے بعد، پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں 5 مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ رات اغبرگ میں واقع پولیس چوکی پر نا معلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ واقعے کے فوراً بعد چوکی پر تعینات اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس تبادلے میں 5 حملہ آور موقع پر ہی مارے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق حملہ آور چوکی کو نشانہ بنا کر بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، تاہم اہلکاروں کے بروقت ردعمل کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے موقع سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی تحویل میں لے لیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور فرار ہونے والے دیگر افراد کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
