کراچی (پاک ٹوڈے): شہر قائد میں رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں شہریوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، 5 نومبر 2026 تک شہر بھر میں لوٹ مار، موبائل فون چھیننے اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی چوری سمیت جرائم کے مجموعی طور پر 46 ہزار 617 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے رواں برس 65 شہری قتل جبکہ 182 زخمی ہوئے۔ تاہم پولیس ریکارڈ میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 51 بتائی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کے 16 ہزار 821 موبائل فون چھینے گئے، جبکہ 1301 گاڑیاں اور 28 ہزار 495 موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری ہونے کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 4 ہزار 273 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی گئیں، جبکہ 25 ہزار 523 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں۔
اسٹریٹ کرائم کے روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں یومیہ اوسطاً 54.43 موبائل فون چھینے گئے۔ اسی طرح گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی روزانہ شرح 4.21 جبکہ موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی یومیہ شرح 92.21 ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار شہر میں امن و امان اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہیں۔
