اسلام آباد (پاک ٹوڈے): قومی احتساب بیورو (نیب) کے 179 میگا کرپشن کیسز کی کارکردگی کے حوالے سے تشویش ناک حقائق سامنے آئے ہیں۔ ادارے کے پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان ہائی پروفائل مقدمات میں سے اب تک صرف 2 کیسز میں سزائیں سنائی جا سکی ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق نیب میں اس وقت 86 ریفرنسز درج ہیں، تاہم نیب قوانین میں کی جانے والی ترمیمات کے باعث 41 مقدمات دیگر اداروں کو منتقل یا واپس لیے جا چکے ہیں۔
موجودہ صورتحال کے مطابق 21 کیسز میں عدالتوں کے اندر ٹرائل جاری ہے، 6 مقدمات میں ملزمان بری ہو چکے ہیں جبکہ 2 کیسز ختم کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 5 مقدمات اپیل کے مرحلے میں ہیں، 4 غیر فعال ہیں، 3 واپس لیے گئے، 1 نمٹا دیا گیا اور 1 کیس کی تفتیش جاری ہے۔
