صنعا (پاک ٹوڈے): یمن کے دارالحکومت صنعا میں زوردار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں مختلف علاقوں میں کم از کم پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کے زیر انتظام ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صنعا کے مختلف علاقوں کو سعودی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اے ایف پی کے نامہ نگاروں کے مطابق دو لڑاکا طیاروں کو صنعا کے اوپر پرواز کرتے اور میزائل داغتے دیکھا گیا۔
تاحال مبینہ فضائی حملوں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی جبکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں بھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
حوثی گروپ، جسے ایران کا اتحادی سمجھا جاتا ہے، ماضی میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے اہداف کو نشانہ بناتا رہا ہے جبکہ اسے سعودی قیادت میں اتحاد اور یمنی حکومتی فورسز کی کارروائیوں کا بھی سامنا رہا ہے۔
حوثیوں کا شمالی یمن کے بڑے حصے اور بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں بھی کنٹرول برقرار ہے۔
