کابل (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کا وزارت خارجہ جرمنی میں افغانستان کے سفارت خانے اور قونصل خانے کے لیے چار نئے سفارت کار بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہدایت اللہ پکتین، محمد حکیم حکیمی، بشیر احمد افغان اور سعید اکبر رستاد جرمن ویزے کے حصول کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں موجود ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بشیر احمد افغان اور سعید اکبر رستاد کو برلن میں افغانستان کے سفارت خانے میں بالترتیب پہلے اور دوسرے سیکریٹری جبکہ ہدایت اللہ پکتین اور محمد حکیم حکیمی کو بون میں افغانستان کے قونصل خانے میں دوسرے سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت نے ان چاروں سفارت کاروں کو ویزے جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، تاہم اس معاملے پر تاحال کابل اور برلن کے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
