کراچی (پاک ٹوڈے): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، آج نہیں تو کل یہ عمل کرنا پڑے گا۔
کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کی تاریخ میں تقریباً ہر وزیراعظم کو اقتدار کے بعد جیل جانا پڑا، اس لیے یا تو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہر وزیراعظم چور ہے یا پھر یہ کہ وزرائے اعظم سیاسی انتقام کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب کوئی شخص وزیراعظم بنے تو اسے بعد میں جیل نہ جانا پڑے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمان پر اعتماد بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ حکومت کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ساتھ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا نام لے کر ان کا اعتماد بھی بحال کرنا چاہیے۔
- انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت ملک کی ایک اہم سیاسی قوت اور اسٹیک ہولڈر ہے، اسے پسند کیا جائے یا نہ کیا جائے، اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
