راولپنڈی(پاک ٹوڈے): شمالی وزیرستان اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 16 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علی خیل میں کارروائی کے دوران 12، میرعلی میں 2 جبکہ دتہ خیل میں مزید 2 شدت پسند ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم سے وابستہ دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی بھی مارے گئے۔ 43 سالہ حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ افراد شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے شدت پسندوں کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
