اسلام آباد ( پاک ٹوڈے): سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکانِ اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور سینیٹر راجا ناصر عباس نے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے ذریعے آئینی درخواست دائر کی ہے، جس میں زیرِ حراست منتخب نمائندوں کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے اور رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوامی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ارکانِ اسمبلی کو نشانہ بنانا آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 4، 14، 17 اور 25 میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ زیرِ حراست ارکانِ اسمبلی کے مقامِ حراست اور انہیں حراست میں رکھنے کی قانونی وجوہات سے متعلق مکمل تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
آئینی درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بھی شہریوں کے بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں ہیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق گورنر راج کے نفاذ سے بھی بنیادی حقوق معطل یا ختم نہیں ہوتے اور حکومتی اقدامات عدالتی جائزے کے تابع رہتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محمود خان اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی تھی۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ریاستی مشینری کو سیاسی اختلافِ رائے دبانے یا منتخب نمائندوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزاروں نے وفاقی آئینی عدالت سے بنیادی حقوق کے تحفظ اور زیرِ حراست ارکانِ اسمبلی کی رہائی کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔
