پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی باؤنڈری پر کیل لگانے کا اقدام خیبرپختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹنے کی سازش ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کے عوام سمجھیں کہ پاکستان کو توڑنے کی سازش پر کام شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک صوبے کے سرکاری اہلکار دوسرے صوبے میں داخل ہوکر وہاں کے سرکاری اہلکاروں سے گتھم گتھا ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک پر لگائے جانے والے یہ کیل حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک اور صوبائی وزیر اطلاعات کو میڈیا پر آنے سے روکا جا رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے وزراء کو اغوا کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور یہ پرامن ہوگا، حکمران چاہے کچھ بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار لانگ مارچ کے ذریعے ان کے بقول کرپٹ حکمرانوں کا حتمی بندوبست کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس تاحال جاری ہے اور چارسدہ سے واپسی پر میڈیا سے ملاقات ہوگی۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ سول سیکرٹریٹ کو جعلی سکیورٹی تھریٹس کے ذریعے بند کرایا گیا ہے اور تمام سرکاری کام رک گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سول سیکرٹریٹ کینٹ کے علاقے میں واقع ہے، جس کی سکیورٹی سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
