پاک ٹوڈے
اسلام آباد، 13 نومبر 2026: حکومتِ جاپان نے پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں مسلسل تعاون کے تحت پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 4.3 ملین امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس گرانٹ کے تحت پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام 2027 میں ملک بھر میں منعقد کی جانے والی انسدادِ پولیو مہمات کے لیے 28 ملین سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدے گا۔
پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ تاحال مکمل طور پر نہیں رک سکا۔ تاہم، ملک میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 31 رہ گئی، جبکہ 2026 کے دوران اب تک 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال رپورٹ ہونے والے 9 کیسز میں سے 4 کا تعلق جنوبی خیبر پختونخوا سے ہے، جہاں سکیورٹی کی صورتحال اور بچوں تک رسائی میں حائل مشکلات ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے اور پولیو ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے بدستور اہم چیلنجز ہیں۔
پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وائرس کی منتقلی کے مکمل خاتمے اور ہر بچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ اس ناقابلِ علاج مرض کے خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان نے شراکت دار اداروں کے تعاون سے ’روڈ میپ ٹو زیرو‘ (Roadmap to Zero) کے تحت قومی ہنگامی لائحہ عمل برائے 2026-27 (National Emergency Action Plan 2026-27) مرتب کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد 2027 کے اختتام تک ملک میں پولیو وائرس کی منتقلی کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔
ملک گیر انسدادِ پولیو مہمات کے دوران ہر بار پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ہدف بنایا جاتا ہے۔ ان مہمات میں 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز حصہ لیتے ہیں، جو کمیونٹیز تک رسائی حاصل کرنے اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، محترمہ عائشہ رضا فاروق نے کہا، "حکومتِ جاپان کی جانب سے یہ مدد ایک ایسے اہم وقت پر فراہم کی جا رہی ہے جب پاکستان پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے اور اس موذی مرض سے نجات کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر رہا ہے۔ جاپان کے تعاون سے فراہم کی جانے والی ویکسین کی ہر خوراک ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے مزید قریب لے جائے گی۔ ہم پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں مسلسل تعاون اور شراکت داری پر حکومتِ جاپان اور جاپانی عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔”
پاکستان میں جاپان کے سفیر، محترم اکاماتسو سوچی، نے پاکستان کی صحت کی ترجیحات کے لیے جاپان کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’جاپان 1996ء سے پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں مسلسل معاونت کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے یونیسف (UNICEF) اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہا ہے۔ آج اعلان کردہ نئی گرانٹ، جس کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں مالی معاونت میں اضافہ کیا گیا ہے، جو پولیو سے پاک پاکستان کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے جاپان کے مسلسل عزم اور تعاون کا واضح ثبوت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جاپان 2027ء کے اختتام تک پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے عزم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔‘‘
نئی دستخط شدہ گرانٹ کے تحت پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کو پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے اہم مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس معاونت سے ملک بھر میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کی جاری کوششوں کو مزید تقویت ملے گی اور گزشتہ برسوں کے دوران حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان آفس کے چیف نمائندے مسٹر یوسوکے شینوزاکی نے کہا کہ ’’آئیے، ہم اس دن تک مل کر اپنی کوششیں جاری رکھیں جب کوئی بچہ بھی پولیو سے متاثر نہ ہو۔ ہم حکومتِ پاکستان کے پختہ عزم، مشکل حالات کے باوجود کمیونٹیز کی خدمت جاری رکھنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی لگن اور ہر بچے تک زندگی بچانے والی ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے یونیسیف اور دیگر تمام شراکت داروں کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔‘‘
یہ نئی مالی معاونت اس امر کو اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے اور پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کی کوششوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا ضروری ہے۔
پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ، محترمہ پیرنیلا آئرن سائیڈ نے کہا، ’’جاپان پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں ایک قابلِ اعتماد اور مستقل شراکت دار رہا ہے۔ جاپان کی یہ معاونت معیاری ویکسینیشن مہمات کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد دے گی، جو پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ یونیسیف جاپان کی مسلسل شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنا کر ہم پاکستان کو پولیو سے پاک مستقبل کے مزید قریب لا سکتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ کوئی بھی بچہ اس تحفظ سے محروم نہ رہے۔‘‘
حکومتِ جاپان پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں ایک دیرینہ شراکت دار رہی ہے۔ 1996ء سے اب تک جاپان نے یونیسیف کے ذریعے گرانٹس اور قرضوں کی صورت میں 248 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی ہے، جس کا مقصد پولیو ویکسینیشن کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا اور پاکستان کو پولیو سے پاک مستقبل کی جانب گامزن کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
