راولپنڈی (پاک ٹوڈے): موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مرکزی جیل اڈیالہ کے گرد خصوصی سیکیورٹی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں، جہاں پولیس، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے 160 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت 160 پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جن میں ایلیٹ فورس کی 3 سیکشنز اور ڈولفن فورس کی ایک ٹیم بھی شامل ہے۔ اہلکار جیل کے اطراف گشت کر رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اڈیالہ جیل کو انتہائی حساس مقام قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور حملوں کے خدشات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ اور پولیس کو 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہنے اور اضافی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی قانونی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے اور سینئر افسران کو اطلاع دی جائے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت سرکاری گاڑیوں کے علاوہ گندم اور دیگر سامان لے جانے والی تمام نجی گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جائے گی۔ چوکیوں پر تعینات پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ استعمال کریں گے، جبکہ اہلکاروں کو مختلف اقسام کے اسلحے سے لیس رکھا جائے گا۔
بیرونی حصار میں ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ایک سیکشن ایس او پیز کے مطابق جیل کے گرد گشت کرے گی۔ جیل کے گیٹ نمبر ایک کے باہر قائم چوکیوں پر تعینات پولیس اہلکار فسادات سے نمٹنے کے آلات سے لیس ہوں گے۔
پولیس اہلکار صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے اور دوپہر 3 بجے سے رات 11 بجے تک مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔
