اسلام آباد (پاک ٹوڈے): سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے اہلِ خانہ نے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی اور عمران خان کے درمیان ملاقات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور منسوب بیانات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات سے متعلق زیرِ گردش خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور ملاقات سے منسوب بیان میں بھی کوئی صداقت نہیں۔ بیان کے مطابق سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی تفصیلات من گھڑت ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ناراضی کا اظہار کیا۔
اہلِ خانہ نے واضح کیا کہ نورین نیازی نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق آخری بار 25 اگست 2026 کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے اس ملاقات کی تفصیلات کبھی کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیں۔
بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی کہانیاں ایک ایسے وقت میں پھیلائی جا رہی ہیں جب عمران خان خود حراست میں ہیں اور ان دعوؤں کی تردید یا وضاحت کے لیے براہِ راست جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں۔
اہلِ خانہ نے عمران خان اور ان کے خاندان سے متعلق جھوٹی خبروں اور بے بنیاد دعوؤں کے پھیلاؤ سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ایسی خبروں کی مذمت بھی کی ہے۔
