حمید سمسور
کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ دو ہفتے قبل 480 روپے فی کلو فروخت ہونے والا گوشت اب 680 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری نرخ 497 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود
گوشت خریدنے کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔
ان کے بقول، ایک ہفتے کے دوران مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ان کی برداشت سے باہر ہے۔
ایک گاہک نے بتایا کہ بکرے اور گائے کا گوشت پہلے ہی اس کی پہنچ سے باہر تھا، اب مرغی خریدنا بھی اس کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مرغی کا گوشت سستا نہیں ہو رہا۔
دکاندار کیا کہتے ہیں؟
عبدالواحد کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن کے ان دکانداروں میں شامل ہیں جو منڈی میں طلب و رسد کے حساب سے مرغی کا گوشت فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے پاک ٹوڈے کو اپنی دکان پر مرغی کے گوشت کی قیمت 680 روپے فی کلو بتائی۔ جب ان سے قریبی دکانوں پر فی کلو 20 سے 30 روپے کے فرق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا کام ہے۔
وہ اس بات سے بھی اتفاق کرتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی متحرک نظر نہیں آ رہا۔ ان کے مطابق، جب خریدار ان کی دکان پر آتے ہیں تو مہنگائی کی شکایت کرتے ہیں۔
مری ہوئی مرغیاں فروخت ہونے کا خدشہ
جب ایک خاتون گاہک سے پوچھا گیا کہ وہ یہاں 30 روپے فی کلو مہنگا گوشت کیوں خرید رہی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ یہاں ایسے دکاندار بھی ہیں جن کے بارے میں انہیں معلوم ہے کہ وہ مری ہوئی مرغیاں فروخت کرتے ہیں۔
سپلائی کرنے والے تاجر کی زبانی
اکرم خان گزشتہ 15 برس سے پنجاب اور سندھ سے پولٹری کا کاروبار کر رہے ہیں۔ وہ ان صوبوں سے مرغیوں کے ٹرک منگوا کر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دکانداروں کو سپلائی کرتے ہیں۔
ان کے مطابق مرغیوں کو اسٹاک نہیں کیا جا سکتا۔ رسد میں کمی ہوئی ہے، جس کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرغی کی قیمت کا تعین طلب و رسد کی بنیاد پر ہوتا ہے، جبکہ سفر کے اخراجات بھی اس کی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق ہر شہر میں نرخ مختلف ہوتے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر چند کلومیٹر کے فاصلے پر قیمت میں ایک روپے کا فرق پڑ جاتا ہے۔
بلوچستان میں پولٹری فارمز کیوں نہیں ہیں؟
محمد اکرم نے بتایا کہ بلوچستان کا موسم پولٹری فارمنگ کے لیے موزوں نہیں ہے۔ یہاں سردی زیادہ پڑتی ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی عام ہے۔ ان کے بقول، کئی لوگوں نے اس کاروبار میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی، لیکن انہیں نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ سے سپلائی میں کمی کے باعث قیمتیں بڑھی ہیں، جبکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرکوں کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں۔
کیا چکن کا بحران پیدا کیا جا رہا ہے؟
بعض دکانداروں کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر سپلائی کم کرنے سے بھی طلب و رسد میں فرق پیدا ہوتا ہے، جو قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ ان کے مطابق، جب مارکیٹ میں مرغی کی سپلائی بڑھ جاتی ہے تو قیمتیں خود بخود قابو میں آ جاتی ہیں۔
تاہم پولٹری کے شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب پولٹری فارم میں مرغی کے مخصوص دن پورے ہو جائیں تو اسے ایک دن بھی مزید نہیں رکھا جا سکتا، کیونکہ اس پر روزانہ کے اخراجات بہت بڑھ جاتے ہیں۔
