اسلام آباد (پاک ٹوڈے): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے روان مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران تنخواہ دار طبقے سے گزشتہ دو سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس جمع کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جولائی 2026 میں تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس کی مد میں 44 ارب روپے کی وصولی ہوئی، جبکہ اس سے قبل مالی سال 25-2024 کے ماہ جولائی میں 42 ارب روپے اور مالی سال 24-2023 کے جولائی میں 30 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔
یہ نمایاں اضافہ اس کے باوجود دیکھنے میں آیا ہے کہ حکومت نے روان مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 22 لاکھ روپے سے زائد سالانہ آمدنی والے افراد کے لیے مختلف سلیبز پر انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی تھی۔ بجٹ میں سالانہ 22 سے 32 لاکھ روپے آمدن پر ٹیکس 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد، 32 سے 41 لاکھ پر 30 سے کم کر کے 25 فیصد، 41 سے 56 لاکھ پر 35 سے کم کر کے 29 فیصد اور 56 سے 70 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 35 سے کم کر کے 32 فیصد کی گئی تھی۔
