کابل: افغانستان میں رواں سال کے دوران قدرتی آفات کے باعث 92 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ مختلف واقعات میں 97 افراد جاں بحق اور 331 زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (OCHA) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق قدرتی آفات کے نتیجے میں ملک بھر میں تقریباً 10 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ 2 ہزار 100 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جس کے باعث ہزاروں خاندانوں کو طویل مدتی بحالی کے مسائل کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال افغانستان میں انسانی بحران کو بڑھانے والے عوامل میں سیلاب، بالخصوص اچانک آنے والے سیلاب، سرفہرست رہے ہیں۔ قدرتی آفات نے ملک کے مختلف علاقوں میں پہلے سے موجود انسانی ضروریات میں مزید اضافہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق نورستان قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ رہا، جہاں نقصانات اور انسانی ضروریات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اوچا نے خبردار کیا ہے کہ گھروں کی تباہی اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے باعث متاثرہ خاندانوں کی مشکلات فوری امداد کے بعد بھی برقرار رہ سکتی ہیں، جبکہ انہیں معمول کی زندگی بحال کرنے کے لیے طویل المدتی معاونت درکار ہوگی۔
