قصور (پاک ٹوڈے): قصور کے قریب پاک بھارت بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کے ایک واقعے میں 2 پاکستانی شہری مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 پاکستانی شہری سرحدی علاقے میں موجود تھے جب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے مبینہ طور پر ان پر فائرنگ کی۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کی موت واقع ہوگئی جبکہ تیسرا شہری زخمی ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نہتے تھے اور انہوں نے سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ ذرائع کے مطابق واقعہ بارڈر پلر کے قریب پیش آیا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کو مبینہ درانداز قرار دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے بھارتی سیکیورٹی حکام کا براہ راست مؤقف یا واقعے کی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں ہوسکی۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے واقعے کو پاک بھارت سرحدی معاہدے اور طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور دونوں جانب کے سرکاری مؤقف کا انتظار ہے۔
