اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی آئینی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کردی، جس کے تحت پشاور ہائیکورٹ کو گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق مقدمات کے علاوہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر درخواستوں کی سماعت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں۔
اس پر عدالت نے وضاحت کی کہ حکم امتناع کا اطلاق گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو بھی ریلیف دینے کی استدعا کی، جس پر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ متعلقہ درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی گئی ہیں، ریکارڈ عدالت کے سامنے آنے پر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر 2026 کو حکم جاری کیا تھا کہ 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر تمام درخواستوں پر کارروائی معطل رہے گی۔ تازہ فیصلے میں ترمیم کے بعد اس پابندی کا دائرہ محدود کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے آئینی عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبے بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے افواج کی مسلسل تعیناتی ناگزیر ہے اور فی الحال کسی ضلع یا علاقے سے فوج واپس بلانے یا تعیناتی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کی جانوں، سرکاری املاک اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کے حکم میں خیبر پختونخوا حکومت سے فوج کی تعیناتی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ کن اضلاع میں فوج کی ضرورت ہے اور کن علاقوں میں اس کی تعیناتی ضروری نہیں۔
