اسلام آباد (پاک ٹوڈے): سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔
بشریٰ بی بی نے اپنے وکلا لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے درخواست جمع کرائی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں آنکھ میں موتیا کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹرز نے سرجری تجویز کی ہے۔
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو ہونے والی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بشریٰ بی بی کی صحت خراب ہونے سے متعلق بتایا تھا۔ بشریٰ بی بی نے بھی آگاہ کیا کہ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی آنکھ کی سرجری ضروری ہے، جو 15 نومبر کے آس پاس متوقع تھی۔
درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جیل میں صفائی اور حفظانِ صحت کی ناقص صورتحال کے باعث سرجری کے بعد آنکھ میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس سے بینائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ان کے سیل سے سات چھوٹے سانپ بھی نکلے، جنہیں جیل عملے نے مار دیا، جبکہ سیل میں چوہوں، کاکروچ اور دیگر کیڑوں کی موجودگی بھی صفائی کی صورتحال پر سوالات اٹھاتی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور انہیں ضروری علاج و نگہداشت کے لیے کسی مستند اور خصوصی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔
