پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کی لانگ مارچ کے لیے جاری فنڈ ریزنگ مہم کے دوران اب تک 4 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے ایکس پر جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں فنڈ ریزنگ کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مہم کے آغاز سے اب تک 4 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔
سہیل آفریدی نے فنڈ ریزنگ مہم میں حصہ لینے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہم کل بھی جاری رہے گی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا اور 6 اکتوبر کی رات پشاور کے علاقے متنی پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کا پلان بھی کارکنان کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کے کارکنان سے بڑی تعداد میں مارچ میں شرکت کی اپیل کی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف عمران خان کی رہائی تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل، امن اور ترقی سے بھی متعلق ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ مارچ کے دوران پرامن رہیں اور کسی کو انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہ دیں۔
