سری نگر (پاک ٹوڈے): کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکام نے انہیں ایک بار پھر گھر میں نظر بند کر کے حضرت خواجہ بہاؤالدین نقشبند بخاریؒ کے عرس کے سلسلے میں انعقاد پذیر ‘خواجہ دگر’ کے سالانہ مذہبی اجتماع میں شرکت اور خطاب سے روک دیا ہے۔
سری نگر کے خواجہ بازار نوہٹہ میں ہر سال 3 ربیع الاول کو منعقد ہونے والے اس تاریخی اور روحانی اجتماع میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد اجتماعی نمازِ عصر اور وعظ میں شرکت کرتی ہے۔ میر واعظ نے ایکس (ٹویٹر) پر اپنے ویڈیو پیغام میں حکام کی اس کارروائی کو جابرانہ ذہنیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور کہا کہ کشمیری مسلمانوں کے مذہبی اور سمی حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مقامی منتخب حکومت پر زور دیا کہ وہ خطے میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
