چاغی (پاک ٹوڈے): ضلع چاغی میں کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ پر پداگ چارسار کے مقام پر مسلح افراد نے ایک کمرشل گاڑی کو روک کر اسے آگ لگا دی، جبکہ مال سے لدی مزید دو گاڑیوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے گاڑیوں کو روکنے کا اشارہ کیا۔ ایک گاڑی کے ڈرائیور نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی، جس پر مسلح افراد نے اس کا تعاقب کیا اور گاڑی کو روک کر نذرِ آتش کر دیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور دو گاڑیوں کو ساتھ لیکر موقع سے بغیر کسی مزاحمت کے روانہ ہوگئے، واضح رہے کہ بلوچستان میں اس طرح کے واقعات اب معمول بنتے جا رہے ہیں، حکومت اور وہاں موجود سیکیورٹی فورسز اس کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہے ہیں۔
