پشاور (پاک ٹوڈے): ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز کے اشتراک سے پولیو کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیو کے مکمل خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات پر عوامی اعتماد مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب کی مشترکہ صدارت سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا مطیع اللہ خان اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل نے کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت، ای او سی، صحت عامہ کے ماہرین، طبی شعبے سے وابستہ افراد، طلبہ اور یونیسیف، عالمی ادارۂ صحت، این سٹاپ پروگرام، گیٹس فاؤنڈیشن اور پی پی اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری صحت مطیع اللہ خان نے کہا کہ پولیو کا عالمی دن اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ہر بچے کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی محنت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یونیسیف کے چیف فیلڈ آفیسر نے پولیو مہمات کے معیار کو بہتر بنانے، کمیونٹی کی شمولیت بڑھانے اور غلط معلومات کے تدارک کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب میں پولیو ویکسین سے متعلق خدشات اور غلط فہمیوں پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ والدین کے تحفظات مستند معلومات کے ذریعے دور کرنے پر زور دیا گیا۔
تقریب کے دوران تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا اور ’’پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا سفر اور صفِ اول کے ہیروز‘‘ کے عنوان سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور کوآرڈینیٹر ای او سی سارہ رحمان نے کے ایم یو اور بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل نے پولیو کے خاتمے کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور عوامی آگاہی کی اہمیت پر زور دیا۔
