قاہرہ (پاک ٹوڈے): غزہ میں ممکنہ جنگ بندی اور جنگ کے بعد کے حالات کے حوالے سے 15 نکاتی روڈ میپ پر عمل درآمد کے لیے مصر میں اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیاں اور مذاکرات کا دور شروع ہو گیا ہے۔
حماس کے رہنما خلیل الحیہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مصری شہر العلمین میں انٹیلی جنس چیف حسن رشاد سے اہم ملاقات کی ہے۔ مذاکرات میں 15 نکاتی امن منصوبے پر عمل درآمد اور اسرائیل کو معاہدے کا پابند بنانے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ حماس کے ذرائع کے مطابق اگر اسرائیل عمل درآمد کی ضمانت دے تو حماس فوری طور پر تجاویز پر عمل کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اور جیرڈ کشنر نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کر کے غزہ کی صورتحال، یرغمالیوں کی رہائی اور امن منصوبے پر تفصیلی بات چیت کی۔ امریکی ایلچی کے اس دورے کا مقصد اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے تحفظات اور پیدا شدہ اختلافات کو دور کرنا ہے، تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
