گلگت (پاک ٹوڈے): گلگت سے ضلع غذر کی وادی یاسین جانے والی مسافر گاڑی مورکہ پل کے قریب دریائے غذر میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام تقریباً 6 سے 7 بجے کے درمیان ہائی ایس مسافر گاڑی بارش کے باعث سڑک پر پھسلن کے باعث بے قابو ہوکر دریا میں جا گری۔ گاڑی میں مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو ٹیموں نے دریا سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
اندھیرا ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ریسکیو اہلکار اور مقامی رضاکار متاثرہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، جبکہ زخمیوں اور دیگر متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد گلگت کے شہید سیف الرحمٰن اسپتال کے عملے کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
