اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ کرنے کے بجائے غیر مشروط طور پر مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے تشدد کم نہیں ہوتا بلکہ مزید بڑھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرد واحد کے لیے پیپلز پارٹی کبھی لانگ مارچ نہیں کرتی۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر فی الحال کوئی بات نہیں کرسکتیں، تاہم دونوں فریقین کو ایک دوسرے کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں جو بات چیت ہو رہی ہے اسے وقت دینا ہوگا اور کوشش ہے کہ کل مذاکرات مکمل کرکے کسی نتیجے پر پہنچا جائے۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال کے حوالے سے شیری رحمان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح گروہوں کے حملوں میں سیکیورٹی اہلکار، پولیس اور دیگر افراد جان سے جا رہے ہیں۔
