اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کے حوالے سے قواعد 2026 پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
آفس میمورنڈم کے مطابق سرکاری افسران کو اپنی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ افسران کو اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات بھی ڈیکلریشن میں شامل کرنا ہوں گی۔
میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ غلط معلومات یا غلط ڈیکلریشن جمع کرانا سول سرونٹس کے لیے مس کنڈکٹ تصور ہوگا، جبکہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے کی صورت میں ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سرکاری افسران کو ڈیکلریشن جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، جبکہ چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس سربراہان کو بھی اسی نوعیت کی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
