مری (پاک ٹوڈے): لوئر موہڑا بڑاہو ترکے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور تمام بچوں کو وین سے بحفاظت نکال لیا۔
زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول اسپتال مری منتقل کیا گیا، جبکہ بعض بچوں کو مزید علاج کے لیے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیم نے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، تاہم تمام زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
