اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں ایک بار پھر نمایاں تنزلی ریکارڈ کی گئی ہے اور 2026 کی تازہ پاسپورٹ رپورٹس کے مطابق پاکستان 183ویں نمبر پر آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا موجودہ موبیلٹی اسکور 42 ہے، جس کے تحت پاکستانی شہری دنیا کے 42 مقامات تک پیشگی روایتی ویزا حاصل کیے بغیر مختلف سہولتوں کے ذریعے سفر کرسکتے ہیں۔ تاہم ان تمام مقامات کو ویزا فری ممالک قرار نہیں دیا جاسکتا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق 42 مقامات میں سے صرف 9 ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل ہے، جبکہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور 4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (eTA) کے ذریعے سفر ممکن ہے۔
دوسری جانب 156 مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو سفر شروع کرنے سے قبل ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ پر ویزا فری داخلے کی اجازت دینے والے مقامات میں بارباڈوس، ڈومینیکا، دی گیمبیا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔
گزشتہ برسوں کے مقابلے میں پاکستان کی پوزیشن
اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی پوزیشن میں گزشتہ چند برسوں کے دوران پہلے معمولی بہتری دیکھی گئی، تاہم 2026 میں صورتحال تبدیل ہوگئی۔
پاکستان 2023 میں 180ویں، 2024 میں 175ویں جبکہ 2025 میں 174ویں نمبر پر تھا۔ 2026 میں 9 درجے کی کمی کے بعد پاکستان 183ویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے نیچے عالمی درجہ بندی میں صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹ موجود ہیں۔
موبیلٹی اسکور میں بھی کمی
پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلٹی اسکور بھی گزشتہ چند برسوں میں مسلسل ایک جیسا نہیں رہا۔ 2020 میں یہ اسکور 36 تھا جو 2023 میں بڑھ کر 47 تک پہنچ گیا اور 2024 میں بھی 47 برقرار رہا۔
تاہم 2025 میں موبیلٹی اسکور کم ہوکر 44 ہوا، جبکہ 2026 میں مزید 2 پوائنٹس کی کمی کے بعد یہ 42 رہ گیا۔
طویل مدتی جائزے کے مطابق 2026 میں پاکستان کی عالمی پاسپورٹ پوزیشن 2020 کے مقابلے میں 14 درجے کم ہے، اگرچہ موجودہ موبیلٹی اسکور 2020 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس زیادہ ہے۔
موبیلٹی اسکور کیا ظاہر کرتا ہے؟
پاسپورٹ رپورٹس کے مطابق موبیلٹی اسکور ان مقامات کی مجموعی تعداد کو ظاہر کرتا ہے جہاں مسافر کو روایتی ویزا پہلے سے حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا فری داخلہ سفری سہولت کی نسبتاً زیادہ آزاد شکل ہے، جبکہ ویزا آن ارائیول میں مسافر روانگی سے قبل ویزا حاصل کیے بغیر منزل تک پہنچ سکتا ہے، تاہم وہاں امیگریشن کے مقررہ تقاضے پورے کرنا ضروری ہوتے ہیں۔ اسی طرح eTA الیکٹرانک سفری اجازت کا نظام ہے جو مخصوص ممالک کے شہریوں کو سفر سے قبل آن لائن اجازت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
