کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کی وزارتِ دفاع کے 209 الفتح کور کے تربیتی مرکز سے 222 نوجوان اہلکار تین ماہ کی عسکری اور نظریاتی تربیت مکمل کرنے کے بعد فارغ التحصیل ہوگئے۔
فارغ التحصیلی کی تقریب میں وزارتِ دفاع کے شعبہ تربیت و تعلیم کے سربراہ شیخ داد محمد محمدی، 209 الفتح کور کی قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نئے اہلکاروں کو نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی ذمہ داریوں کے تقاضوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیت یافتہ اہلکار ملک کے دفاع اور سکیورٹی سے متعلق ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
افغان وزارتِ دفاع کے مطابق تین ماہ کے تربیتی پروگرام کے دوران اہلکاروں کو عسکری مہارتوں کے ساتھ نظریاتی اور پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی گئی، تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرسکیں۔
تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل اہلکاروں نے حاصل کردہ تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ملکی دفاع اور سکیورٹی کے فرائض کے لیے بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
