بندر بیلا (پاک ٹوڈے): صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کو کارروائی کے بعد بازیاب کرلیا، تاہم آپریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری شامل ہے، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔
صومالی حکام کے مطابق ’آنر 25‘ کو رواں سال اپریل میں ہائی جیک کیا گیا تھا۔ پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر پر ہائی جیکنگ کے وقت تقریباً 18 ہزار 500 بیرل تیل موجود تھا۔
صومالیہ کے نیم خود مختار علاقے پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس کے مطابق فورسز نے ضلع بندر بیلا کے علاقے دھرین بار میں بحری اور زمینی دستوں کی مدد سے آپریشن کیا، جس کے دوران ٹینکر پر موجود عملے کے 17 ارکان کو ریسکیو کرلیا گیا۔
صومالی حکام نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 9 مشتبہ قزاقوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئل ٹینکر کے عملے میں 10 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔ اس واقعے سے قبل پاکستانی شہریوں کی رہائی کے لیے صومالی حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی جبکہ قزاقوں کی حراست میں موجود پاکستانیوں نے حکومت سے رہائی کے لیے اپیل کی تھی۔
