کراکو (پاک ٹوڈے): پولینڈ کے جنوبی شہر کراکوف میں فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ مسلح شخص نے ایک گاڑی میں سوار ہوکر مرکزی چوک میں موجود لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 3 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کارروائی شروع کردی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور مسلح شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی کے دوران مشتبہ حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص کی عمر 24 سال ہے اور وہ پولینڈ کا شہری ہے۔ اس نے فوجی طرز کے کپڑے پہن رکھے تھے جبکہ اس کے پاس فوجی طرز کے ہتھیار بھی موجود تھے۔
مقامی پولیس ترجمان کے مطابق مشتبہ شخص کی گاڑی سے متعدد ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام نے تاحال فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور حملے کے ممکنہ مقصد سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
