اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے خطے میں مشترکہ تجارتی مراکز کے قیام، آزاد تجارتی معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کسٹمز کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے فیصلوں پر مشتمل اعلامیے کے مطابق، رکن ممالک نے علاقائی تجارت بڑھانے کے لیے مشترکہ تجارتی زونز کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے میں ترکمانستان کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ تجارتی زونز کے قیام کے منصوبے کا فزیبلٹی مطالعہ بروقت مکمل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کو فروری 2026 میں ای سی او کی کونسل آف پرماننٹ نمائندگان کی متفقہ حمایت حاصل ہوئی تھی۔
رکن ممالک نے ترکمانستان اور ازبکستان کے درمیان قائم مشترکہ تجارتی زون کو ایک کامیاب ماڈل قرار دیتے ہوئے دیگر ممالک کو بھی اس طرز کے تجارتی مراکز قائم کرنے پر غور کرنے کی ترغیب دی ہے۔
ان مشترکہ تجارتی مراکز کا مقصد سرحد پار تجارت بڑھانا، کاروباری روابط مضبوط بنانا اور رکن ممالک کے درمیان اشیا کی نقل و حرکت آسان بنانا ہے۔
آزاد تجارتی معاہدے میں ترامیم کا فیصلہ
اجلاس میں ای سی او ٹریڈ ایگریمنٹ (ECOTA) میں تیزی سے ترامیم اور اس پر مؤثر عمل درآمد کی حمایت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق، رکن ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے کو جدید عالمی تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ای سی او کے وہ رکن ممالک جو تاحال اس معاہدے کا حصہ نہیں بنے، انہیں بھی مشاورت اور مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ علاقائی منڈیوں کے انضمام اور آزاد تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں ای سی او ٹریڈ فسیلیٹیشن معاہدے کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کو مذاکرات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
آزاد اقتصادی زونز اور مشترکہ صنعتی منصوبے
اعلامیے میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے، اقتصادی زونز قائم کرنے اور مشترکہ صنعتی اداروں کے قیام کے لیے اقدامات کریں۔
اس کے علاوہ علاقائی ویلیو چینز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور برآمدات کی استعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
رکن ممالک نے مشترکہ تجارتی نمائشوں اور سرمایہ کاری فورمز کے انعقاد، مقامی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں تشہیر اور کاروباری شخصیات کے درمیان براہ راست روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تجارتی عمل کو ڈیجیٹل بنانے، درآمدات اور برآمدات کے لیے سنگل ونڈو نظام متعارف کرانے اور الیکٹرانک دستاویزات کے تبادلے کے ذریعے کسٹمز کلیئرنس کے اخراجات اور وقت میں کمی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان کی بندرگاہوں تک وسطی ایشیا کی رسائی
ای سی او ممالک نے علاقائی ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے لیے ای سی او ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ممالک کو بین الاقوامی سمندری بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنا، نقل و حمل کے اخراجات کم کرنا اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنا علاقائی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔
رکن ممالک نے 2026 سے 2035 تک کی ای سی او پائیدار اور لچکدار ٹرانسپورٹ حکمت عملی اور 2026 سے 2030 تک کی علاقائی آئی سی ٹی حکمت عملی کو جلد عملی شکل دینے پر بھی زور دیا۔
توانائی، معدنیات اور مصنوعی ذہانت میں تعاون
اجلاس میں توانائی کے مشترکہ منصوبوں میں رکن ممالک کی سرمایہ کاری بڑھانے اور ای سی او کلین انرجی سینٹر کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے میں آذربائیجان کے شہر باکو میں ای سی او کلین انرجی سینٹر کے فعال ہونے کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ علاقائی بجلی مارکیٹ کے قیام کے لیے مطالعات جلد شروع کرنے پر زور دیا گیا۔
معدنی وسائل کے شعبے میں 2026 سے 2030 تک کے لیے ای سی او کے پانچ سالہ روڈ میپ کی منظوری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ اس منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے لیے ضروری اہم معدنیات کے پائیدار انتظام پر توجہ دی جائے گی۔
مصنوعی ذہانت، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور دیگر جدید شعبوں میں مشترکہ تحقیق، تربیت اور تکنیکی تعاون بڑھانے کی بھی حمایت کی گئی۔
لاہور 2027 میں ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت ہوگا
اجلاس میں سیاحت کے فروغ کے لیے ای سی او ٹورازم کیپیٹل پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق، پاکستان کا شہر لاہور 2027 میں ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت ہوگا، جس کے بعد ترکمانستان کا شہر ماری 2028، کرغزستان کا شہر کاراکول 2029 اور قازقستان کا شہر اکتاؤ 2030 میں یہ اعزاز حاصل کریں گے۔
رکن ممالک نے سیاحت میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تشہیر، ثقافتی تبادلوں اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا۔
نوجوانوں، خواتین اور میڈیا کے لیے تعاون
ای سی او ممالک نے نوجوانوں اور خواتین کے فورمز کو مستقل بنیادوں پر فعال بنانے اور تعلیم، کاروبار، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی حمایت کی۔
اعلامیے میں علاقائی میڈیا تعاون کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
