پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ویسٹ پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔
گورنر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر احتیاطی کارروائی یقینی بنانا، انتظامی تاخیر کم کرنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری بہتر بنانا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ تفویض کردہ اختیارات آئین اور قانون کے مطابق استعمال کیے جائیں اور ان کے غلط استعمال سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ عوام کے امن، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
