واشنگٹن (پاک ٹوڈے): مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور معروف ٹیکنالوجی ماہر بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت (AI) بد نیت عناصر کے ہاتھ لگ گئی تو یہ تاریخ کا سب سے مہلک ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے، جس کے غلط استعمال سے ایک ارب افراد کی ہلاکت جیسے ہولناک اور تباہ کن نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ‘این بی سی’ کے معروف پروگرام "میٹ دی پریس” میں گفتگو کرتے ہوئے بل گیٹس نے ٹیکنالوجی کے بے لگام ہوتے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی اگر غلط ارادے رکھنے والے افراد کے ہاتھ لگ جائے، تو اس سے پیدا ہونے والا خطرہ اب تک کے کسی بھی روایتی یا غیر روایتی ہتھیار سے کہیں زیادہ طاقتور اور مہلک ہو سکتا ہے۔
بل گیٹس نے واضح کیا کہ اگرچہ مستقبل کے بارے میں کسی بھی خطرے کی سو فیصد پیش گوئی کرنا ممکن نہیں، لیکن اے آئی کی صلاحیتیں اتنی بے پناہ ہیں کہ اس کا ذرا سا بھی غلط استعمال انتہائی سنگین اور ناقابلِ تلافی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔
تجزئیہ کاروں کے مطابق، بل گیٹس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار پیشرفت اور اس کی ریگولیشن (قوانین) سے متعلق بحث شدت اختیار کر چکی ہے۔ ٹیکنالوجی کے ماہرین طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اے آئی کے منفی اور قانون شکن استعمال کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر سخت حفاظتی فریم ورک تشکیل دیا جائے، تاکہ انسانیت کو اس کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
