اٹلی (پاک ٹوڈے): اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے صارفین کی مناسب اجازت کے بغیر ان کے موبائل فونز میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے پر فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 ہزار 360 کروڑ پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
اطالوی حکام کے مطابق فیس بک ایپ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، تاہم صارفین کو اس بارے میں واضح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان سے باقاعدہ رضامندی لی گئی۔ اس معاملے سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ میٹا صارفین متاثر ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 2023 سے فیس بک پر دستیاب تھا، جس کے تحت صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز انہیں فیس بک پر پوسٹ کرنے کے لیے تجویز کی جاتی تھیں۔ تاہم ایپ گیلری تک رسائی کے لیے ایک مرتبہ عمومی اجازت طلب کرتی تھی، جس سے صارفین کو یہ اندازہ نہیں ہوتا تھا کہ اس اجازت کے نتیجے میں تصاویر اور ویڈیوز تجویز کرنے والا فیچر بھی فعال ہو جائے گا۔
اطالوی ریگولیٹر نے میٹا کو 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اجازت حاصل کی جائے۔ کمپنی کو صارفین کو یہ بھی واضح طور پر بتانا ہوگا کہ فیچر موبائل گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اسے بند کرنے کا طریقہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق میٹا کے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا بھی الگ سے جائزہ لیا جا سکتا ہے، جس کے تحت صارفین کی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز ریموٹ سرورز پر پراسیس کی جا سکتی ہیں۔
