ڈیرہ اسماعیل خان (پاک ٹوڈے): جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی زبیر خان وزیر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے، تاہم واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق زبیر خان وزیر 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تھے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نامعلوم افراد نے ان کی رہائش گاہ کو گھیر لیا، فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اور بعد ازاں زبیر وزیر کو نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔
زبیر خان وزیر جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ پولیس کی جانب سے تاحال واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
