اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد میں ممکنہ سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر موٹروے ایم ون کو آج رات 11 بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد سے چھچھ انٹرچینج تک جبکہ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
موٹروے پولیس کے مطابق 23 ستمبر سے موٹروے ایم 2 پر لاہور سے بڑی اور کارگو گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم 2 اور ایم 3 پر موجود گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق جی ٹی روڈ این 5 بھی بدھ کی شام سے اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ شہریوں اور ڈرائیورز سے کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل ٹریفک کی صورتحال معلوم کریں اور موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے اعلان کردہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد اور گرد و نواح میں سیکیورٹی انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں اور مختلف راستوں پر کنٹینرز رکھنے سمیت دیگر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
