بدین (پاک ٹوڈے): سندھ کے ضلع بدین میں پسند کی شادی کا تنازع خطرناک صورتحال اختیار کر گیا، جہاں مسلح افراد نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ماچھی برادری کے 60 سے زائد گھروں کو مسمار کر کے پورا گاؤں خالی کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بدین کے علاقے گولاڑچی کے چک نمبر 5 میں ندیم ماچھی اور عالیہ فاطمہ نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد پیدا ہونے والے تنازع پر مسلح افراد نے گاؤں پر حملہ کر دیا اور گھروں کو مسمار کرنے کے ساتھ لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور مویشی بھی لوٹ کر لے گئے۔ اس واقعے کے بعد گاؤں کے 600 سے زائد افراد بے گھر ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے قانون کے مطابق اپنی مرضی سے شادی کی ہے، لیکن اس کی سزا پورے گاؤں کو دی جا رہی ہے۔ متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں ایس ایس پی بدین کو 12 درخواستیں جمع کرائیں، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی
