اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمام کارکنان اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بانی کی منتقلی کے موقع پر اسپتال کے باہر جمع نہ ہوں۔
پارٹی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت اور بہتر علاج معالجے کی خاطر اسپتال کے اطراف پُرامن ماحول کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ عدالتی احکامات کی بلا تاخیر اور شفاف تعمیل یقینی بنائی جا سکے۔ پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ کروڑوں پاکستانی طویل عرصے سے بانی کی صحت پر تشویش میں مبتلا تھے اور عدالتِ عظمیٰ کے اس حکم نے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے مطالبے کو قانونی تقویت بخشی ہے۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ عدالت کے احکامات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانچ کے لیے دل، آنکھ اور دیگر شعبوں کے ماہرین پر مشتمل شفاف میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، جس میں ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت لازمی بنائی جائے۔ پی ٹی آئی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالت کے حکم کے مطابق بانی کی اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقاتیں اور قانونی و انسانی حقوق کا مکمل احترام فوراً یقینی بنایا جائے۔
