پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی مبینہ گمشدگی کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
بشیر وزیر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فضل شکور خان کو پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ درخواست کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے صوبائی وزیر کی گاڑی پر دھاوا بولا، ٹائروں پر فائرنگ کی اور انہیں ساتھ لے گئے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ فضل شکور خان کو جلد بازیاب کرایا جائے اور متعلقہ حکام کو ان کی بازیابی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی جائے۔ درخواست میں محکمہ پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔
فضل شکور خان کا تعلق چارسدہ سے ہے اور وہ 2024 کے عام انتخابات میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ اس وقت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے صوبائی وزیر ہیں جبکہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔
درخواست میں دی گئی معلومات کے مطابق فضل شکور خان 2008 سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ وہ ماضی میں عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ رہے، جبکہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ وہ اس سے قبل صوبائی وزیر قانون بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں فضل شکور خان کو عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔
