اسلام آباد (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے گرفتار کیے گئے صحافی شاہد میتلا کا مقامی عدالت نے دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ انہیں بدھ کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں این سی سی آئی اے بلوچستان نے سات روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
این سی سی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدے دار کے مطابق شاہد میتلا کی گرفتاری کوئٹہ میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر درج مقدمے کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔ وکیل حبیب حنظلہ کے مطابق یہ مقدمہ رواں برس جولائی میں انوار الحق کاکڑ سے متعلق ایک ٹویٹ پر درج کیا گیا تھا، جس کے بعد شاہد میتلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔
شاہد میتلا کو منگل کی رات اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے حراست میں لیا گیا۔ ان کی اہلیہ ندا شاہد کے مطابق گرفتاری سے قبل ان کی شوہر سے آخری ملاقات دوپہر تقریباً دو بجے ہوئی تھی، جبکہ رات کو رابطہ کرنے کی کوشش کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔ بعد ازاں انہیں شاہد میتلا کی گرفتاری کی اطلاع ملی۔
عدالت میں پیشی کے دوران وکیل حبیب حنظلہ نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بین الصوبائی منتقلی کے لیے متعلقہ ہوم ڈپارٹمنٹس کے درمیان باضابطہ رابطہ اور قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں تاحال مقدمے کی ایف آئی آر فراہم نہیں کی گئی۔
وکیل کے مطابق شاہد میتلا نے بی ایل اے کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور انہیں بلوچستان میں خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت بھی حاصل کی گئی تھی۔
عدالت نے ابتدائی طور پر تین روزہ راہداری ریمانڈ کا حکم دیا، تاہم قانونی تقاضوں سے متعلق اعتراضات کے بعد یہ حکم واپس لے لیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
